کانپور، 4 ؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سیسامؤ اسمبلی حلقہ سے سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی کے گنر سپاہی غلام جیلانی کے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں اچانک 99کروڑ 99لاکھ 2724روپے آ گئے۔گنر کو اس بات کا پتہ اے ٹی ایم اسٹیٹمنٹ کی رسید سے چلا۔ممبر اسمبلی نے اس بات کی شکایت کانپور کے ضلع مجسٹریٹ سے کی ہے ۔انہوں نے اس بات کی معلومات اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی جنرل منیجر کو دی، اس کے بعد بینک نے گنر کے اکاؤنٹ پر روک لگا دی۔کانپور کے ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی کے ممبراسمبلی عرفان سولنکی نے انہیں بتایا کہ ان کے گنر سپاہی غلام جیلانی کا اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی مال روڈ برانچ میں اکاؤنٹ ہے، کل رات وہ اے ٹی ایم سے 4 ہزار روپیہ نکالنے گیا تو پیسہ نہیں نکلا،بعد میں اس نے بیلنس چیک کیا تو حیران رہ گیا کہ اس کے اکاؤنٹ میں 99کروڑ، 99لاکھ 2724آ گئے ہیں، اس پر آج صبح ممبر اسمبلی اپنے گنر اور اے ٹی ایم کی سلپ لے کر ہمارے پاس آئے۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے آج اس معاملے پر بینک کے ڈپٹی جنرل منیجر سے بات کی ہے اور ممبر اسمبلی کے گنر کو بینک میں اس کے بارے میں ایک درخواست دینے کو کہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بینک نے گنر جیلانی کے اکاؤنٹ پر فی الحال روک لگا دی ہے،وہ اس اکاؤنٹ سے فی الحال پیسہ نہیں نکال پائیں گے ۔ممبر اسمبلی سولنکی کا گنر غلام جیلانی کانپور کے جاجم علاقے میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے اور وہ پڈرونا ضلع کا رہنے والا ہے،ممبر اسمبلی خود اس معاملے میں بینک کے حکام سے بات چیت کر رہے ہیں۔کانپور شہر میں پہلی بار کسی کے بینک اکاؤنٹ میں اتنی بڑی رقم آئی ہے۔